38

پاکستانی ٹیم آئندہ سال اسکاٹ لینڈ کا دورہ کرے گی

اسلام آباد: پاکستانی کرکٹ ٹیم آئندہ برس اسکاٹ لینڈ کا دورہ کرے گی جہاں وہ میزبان ٹیم کے خلاف دو ٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچوں کی سیریز کھیلے گی۔دونوں ٹیمیں 10 برس قبل ٹی ٹونٹی میچ میں مدمقابل ہوئیں تھیں جب 2007ء میں منعقدہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں شاہد خان آفریدی کی عمدہ آل راؤنڈ کارکردگی کی بدولت گرین شرٹس نے اسکاٹش ٹیم کو 51 رنز سے شکست فاش سے دوچار کیا تھا۔یہ پہلا موقع ہو گا کہ اسکاٹ لینڈ آئی سی سی کے کسی فل ممبر ملک کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز کی میزبانی کرے گا۔شیڈول کے تحت پاکستان اور اسکاٹ لینڈ کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ 12 جون جبکہ دوسرا اور آخری میچ 13 جون کو کھیلا جائے گا۔پاکستانی ٹیم نے آخری بار 2013ء میں دو ایک روزہ انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کیلئے اسکاٹ لینڈ کا دورہ کیا تھا جہاں ایک میچ میں گرین شرٹس 96 رنز سے فتح یاب رہی تھی جبکہ دوسرا میچ بارش کی نذر ہو گیا تھا۔اسکاٹش ٹیم کے کپتان کائل کوئٹزر نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان ورلڈ کلاس ٹیم ہے اور ان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنا ناصرف کھلاڑیوں بلکہ مداحوں کیلئے بھی بڑی خبر ہے، پاکستان اور انگلینڈ کے خلاف سیریز سے کھلاڑیوں کو بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملے گا جس کا ہمیں مستقبل میں فائدہ ہو گا

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں